ممبئی، 22/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نامور اردو شاعر اور نغمہ نگار نقش لائل پور ی کا آج صبح اپنی رہائش گا ہ پر انتقال ہو گیا،وہ 88سال کے تھے۔ان کی بہوٹیناگھئی نے بتایا کہ لائل پور ی نے کل شام سات بجے کے بعد اپنی آنکھیں نہیں کھولیں۔وہ اپنی بیٹی کے علاوہ کسی دوسرے کو پہچان نہیں پا رہے تھے۔ٹینا نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بہت تکلیف میں تھے،مارچ - اکتوبر میں ان کی کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی، اور وہ اسپتا ل میں داخل تھے، وہ بہت کمزور ہو گئے تھے، ان کی آخری رسوم آج شام اوشوارہ شمشان گھاٹ میں اداکی جائے گی۔ٹینانے کہاکہ وہ اب بھی اردو شاعری پڑھنا چاہتے تھے اور کافی کچھ پڑھنے کو بچا ہوا تھا،ان کی ایک آنکھ کی روشنی ختم ہو گئی تھی، لیکن وہ پھر بھی پڑھنا چاہتے تھے، پڑھنے کی ان کی شدید خواہش تھی۔ان کی پیدائش موجودہ پاکستان میں واقع صوبہ پنجاب کے لائل پوری میں ہوئی تھی، ان کا نام جسونت رائے تھا۔فلموں میں انہیں پہلا بریک 1952میں فلم ’جگو‘میں ملا،جس میں انہوں نے’اگر تیری آنکھوں سے آنکھیں ملا دوں‘نغمہ لکھا تھا۔ان کی مشہور فلموں میں ’چیتنا‘،’آہستہ آہستہ‘،’تمہارے لیے‘اور’گھروندا‘بھی شامل ہیں۔